منڈگوڈ،6؍ فروری (ایس او نیوز) کم پڑھے لوگوں کو اے ٹی ایم سے رقم نکالنے میں مدد کرنے کے نام پر پاس ورڈ حاصل کرنے اور اے ٹی ایم کارڈ بدلنے کے بعد اکاونٹ سے رقم اڑانے والے دھوکے باز کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ جس کی شناخت گریش کے طور پر کی گئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ نومبر 2020 میں ایس بی آئی کے اے ٹی ایم سے رقم نکالنے کے لئے گئے ہوئے ایک شخص کو مدد کرنے کے نام پر گریش نے پاس ورڈ حاصل کرلیا۔ پھر اس نے اپنے پاس موجود دوسرا اے ٹی ایم کارڈ اس شخص کو تھما دیا۔ بعد میں اس دھوکے باز گریش نے اس شخص کے اکاونٹ سے 20 ہزار روپے اڑالیے۔
پولیس میں شکایت درج ہونے کے بعد ضلع ایس پی شیوپرکاش دیوراجو نے پولیس سرکل انسپکٹر پربھو گوڈا کی قیادت میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی۔ پولیس کو پتہ چلا کہ دھوکے باز نے رقم اڑانے کے لئے ہانگل میں اے ٹی ایم استعمال کیا ہے۔ اس کے علاوہ جو کارڈ اس نے متاثرہ شخص کو دیا تھا وہ بھی بنکاپور کی ایک خاتون کا ہے جو دھوکے سے حاصل کیا گیا ہے۔ اس سراغ کو سامنے رکھ کر پولیس ٹیم گریش تک پہنچ گئی اور اس کو گرفتار کر لیا۔
ملزم سےتفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ گریش نے اس کے علاوہ اوربھی دو افراد کو اسی طرح دھوکہ دیا ہے۔ ملزم کے پاس سے لوٹی گئی رقم 47,500 روپے ضبط کیے گئے ہیں۔